میسورو،14؍ستمبر (ایس او نیوز) کورونا کی وجہ سے اس مرتبہ بھی ریاستی حکومت نے دسہرہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بروز پیر ہنسور کے قریب واقع ویرنا ہوسہلی کے قریب واقع جنگلات میں میسورو ضلع کے دپٹی کمشنر ڈاکٹر بگادی گوتم نے ہاتھیوں کی پوجا کرکے ہاتھیوں کے میسورو کی جانب سفر ”گجاپیانا“کاافتتاح کیا۔آٹھ ہاتھیوں پرمشتمل ایک گروہ نے میسوروکی جانب سفر کا آغاز کیا جس کی قیادت ابھیمنیو نامی ہاتھی نے کی۔ دوپہر 2بجے ان تمام ہاتھیوں کو میسور وکی مضافات میں واقع محکمہ جنگلات کے ارنیابھون میں ٹھہر ایا گیا ہے۔ اس موقع پر ہاتھیوں کا وزن کرکے ریکارڈکیا گیا۔سال 2021 دسہرہ تقریبات کی تیاریوں کا رسمی طور پر آغاز ہوگا۔ ویرنا ہوسہلی جنگلات میں افتتاحی تقریبات میں رکن پارلیمان پرتاب سمہا، حلقہ ہنسور کے رکن اسمبلی ایچ پی منجوناتھ، میسور کی مئیر شریمتی سنندا پھلانیترا بھی موجود تھیں۔ 15اکتوبر کو منعقد کئے جانے والے دسہرہ جلوس میں یہ ہاتھی حصہ لیں گے۔